بدھ، 29 اپریل، 2020

ہماری میڈم کرونا


ہماری میڈم کرونا
 شگفتہ (طنزیہ) انشاء پردازی کا  ایک نمونہ

ایک خیالی خط کے جواب میں 

دعا کیجئے کہ لاک ڈاؤن مُک جائے۔ میڈم کرونا سے زیادہ میڈم کا ہوا بنا ہوا ہے۔ یہ میڈم یہاں ٹیکسلا میں صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک آرام فرماتی ہیں اور کسی سے تعرض نہیں کرتیں۔ جونہی پانچ بجتے ہیں آدم بو آدم بو کہتی ہوئی یونیورسٹی کے آس پاس انسانوں کے ہجوم پر جھپٹ اٹھتی ہیں۔ بازار بند ہو تب بھی، نہ ہو تب بھی میڈم مسجدوں میں تاک لگا کر بیٹھ جاتی ہیں اور جوں ہی نمازیوں کی تعداد پانچ سے بڑھتی ہے بھوکی شیرنی کی طرح سب کو لپیٹ میں لے لیتی ہیں۔ میڈم کی شرافت اور عالی نسبی کو داد دیجئے کہ یہ صرف نمازیوں کو تاڑتی ہیں، بازار میں منڈی میں چلنے پھرنے والے کم ذات لوگ ان کی ناک تلے نہیں آتے۔

سنتے ہیں کہ میڈم کرونا اپنے شکار کا دائرہ وسیع کر رہی ہیں اور نمازیوں کے بعد اب روزہ داروں پر بھی دانت تیز فرمائیں گی۔ میڈم کے مربیٔ اعظم ابو دہشت حضرت امریکا الفسادی نے میڈم کو سختی سے حکم دیا ہے کہ کوئی نمازی یا روزہ دار بچ کر نہیں جانا چاہئے، باقی کسی سے تعرض کریں بھی تو محض دکھاوے کی حد تک کہ حضرت ابو دہشت کا  اصل شکار مُسلے ہیں۔رمضان شریف کے مقدس مہینے میں مُسلوں کو شکار کرنے کا مزا ہی اپنا ہے۔ تاہم ڈر ہے کہ روزے رکھ رکھ کر ان کا خون گاڑھا ہو گیا تو میڈم کے نازک مزاج معدے پر زیادہ بوجھ پڑ سکتا ہے۔ لہٰذا ان مُسلوں کا خون گاڑھا ہونے سے پہلے ہی ان کا پتا صاف کرنا ہو گا۔ 

میڈم کے حسین خیال کی موج میں آ کر چند سطور لکھ دی ہیں، تاکہ سند رہیں یا نہ رہیں، میڈم  کے غصے کا حقیقی سبب بن سکیں اور ابودہشت کی مکاریوں اور مظالم کو کوئی جواز تو فراہم ہو سکے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۲۹۔ اپریل ۲۰۲۰ء

1 تبصرہ:

  1. واقعی سر
    دہشت تو ہے اس کی ہر طرف
    دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کے بھی یہی مناظر ہیں
    مختلف ممالک میں عزیز ہیں، ان سے بات چیت میں یہی بات سامنے آئی ہے
    نماز پڑھنے سے متعلق البتہ میں ذاتی طور پر یہ سمجھ پایا ہوں کہ جید ترین ملکی اور غیر ملکی علماء کی یہی رائے ہے کہ گھروں میں ہی ادا کی جائے
    روزہ سے متعلق البتہ ایسی کوئی بات نہیں سامنے آئی
    آپ کا قلم مزاح اور واقعات نگاری میں زیادہ رواں ہوتا ہے ــــــــــ یا یوں کہیے کہ میری ذہنی اپچ اس نوعیت کی ہے کہ یہ زیادہ پرلطف لگتی ہیں بہ نسبت دوسری چیزوں کے :)
    ایک پرلطف تحریر کے لیے شکریہ قبول فرمائیے

    جواب دیںحذف کریں