پیر، 30 نومبر، 2015

ہمزہ اور یائے مستور


ہمزہ اور یائے مستور




اردو میں ہم فارسی سے آمدہ الفاظ تمنائی، دریائی، تماشائی، وغیرہ سے مانوس ہیں۔ فارسی رسمِ تحریر میں ان کی املاء  تمنایی، دریایی، تماشایی، وغیرہ ہے جب کہ ہم ان کی یی کے بجائے ئی کے ساتھ لکھتے ہیں۔ یعنی جس ی پر ی وارد ہوئی وہ ہمزہ میں بدل گئی۔ ایک بات اور بھی قابلِ غور ہے۔ ہم لکھتے ہیں: مجلس آرا، دریا، تمنا، تماشا، سر و پا، فردا ۔ فارسی والے یوں بھی لکھتے ہیں: مجلس آرای، دریای، تمنای، تماشای، سر و پای، فردای مگر یہ ی عام طور پر بولنے میں نہیں آتا۔ جب اس پر کوئی حرکت ہو تو لکھنے بولنے دونوں میں آ جاتا ہے۔ خدای سے خدایان، خوش بوی سے سے خوش بویات، خوب روی سے خوب رویان؛ وغیرہ۔ اس کو یائے مستور کہہ لیجئے۔ یائے مستور کے مقامات تین ہیں: 

ایک ۔ جب ایک اسم الف معروف پر ختم ہو رہا ہو۔ خدا، ہوا، صدا، نوا۔ ان میں ہر جگہ یائے مستور موجود ہے۔ اس پر واوِ عطف واقع ہو تو ہمزہ غیر مملوء (لکھے بغیر) شامل ہو جاتا ہے۔ خدا و انساں (صوتیت: خدا ؤ انساں، خدا ءُ انساں) اگر اس میں یائے مستور لکھا ہوا ہو تو۔ خدای و انساں (صوتیت: خدا یو انساں، خدا یُ انساں)۔ معانی وہی ہیں :خدا اور انسان۔  
شُذرہ: ایسے اسم پر اضافت یا توصیف کی وجہ سے زیر لاگو ہو تو فارسی طریقہ تو ہے کہ یائے مستور کو لکھ کر اس پر زیر لگاتے ہیں۔ ہوایِ غم، نوایِ جبریل۔ مگر یہ اردو میں مانوس نہیں ہے۔ اردو میں الف کے بعد کی یائے مستور کی جگہ ہمزہ اور اس پر واقع ہونے والی زیر کی جگہ یائے مجہول (ے) لکھتے ہیں: نوائے وقت، بلائے بے درمان۔ شعر میں اس یائے مجہول کو گرایا جانا عام ہے۔

دو ۔ جب ایک اسم واو معروف یا واوِ لین پر ختم ہو رہا ہو۔ خوب رُو، پیش رَو، خوش بُو، سرِ مُو، وغیرہ۔ ان میں بھی ہر جگہ یائے مستور موجود ہے۔ ان اسماء کے آخر پر زیرِ اضافت یا زیرِ توصیف لاگو ہو تو یائے مستور حسب بالا ظاہر ہو جاتی ہے۔ فارسی کے مطابق: رُویِ سخن (اردو: روئے سخن)، بانویِ شہر (اردو: بانوئے شہر)، رُویِ زیبا (اردو: رُوئے زیبا)، بُویِ گل (اردو: بوئے گل)  وغیرہ۔ دیگر کوئی حرکت واقع ہونے کی صورت بھی اس سے ملتی جلتی ہے۔ جمع: خوب رُویان، خوش بویات، جویا (متلاشی)۔ غالب نے تو اردو میں بھی اس ی (یائے مستور) کو متحرک کیا ہے۔ ع: چاہتے ہیں خوب رویوں کو اسد ۔

تین ۔ جب اس ی پر زیر واقع ہو تو قاعدے کے مطابق وہ زیر اسی ی پر واقع ہوتا ہے اور فارسی والے لکھتے بھی اسی طرح ہیں۔ گرمیِ محفل، شادیِ مرگ، خوبیِ قسمت۔ اردو میں البتہ ایسی ی کے بعد (یاد رہے کہ ی کے بعد! نہ کہ پہلے!) والی یائے مستور بہ صورتِ ہمزہ ظاہر ہو جاتی ہے اور زیر اس ہمزہ پر وارد ہوتی ہے۔ گرمیءِ محفل، شادیءِ مرگ، خوبیءِ تقدیر، والیءِ شہر، مَےءِ لالہ فام، در پےءِ آزار وغیرہ۔ 

یائے مستور کی جگہ آنے والا ہمزہ چھوٹے ہمزہ کی صورت میں ی، ے کے اوپر لکھا جانے لگا اور زیر اس پر وارد ہوئی۔ گرمیِٔ محفل، شادیِٔ مرگ، خوبیِٔ تقدیر، والیِٔ شہر، مَۓِ لالہ فام، در پۓِ آزار وغیرہ۔ ترتیب اس کی وہی تھی (ی، ہمزہ، زیر) مگر  خطاطی میں (اور بعد میں کمپیوٹر کی کچھ مجبوریوں کے سبب) بعد کی بجائے اوپر آنے کی وجہ سے کچھ غلط تصورات پل گئے۔ جن کے زیرِ اثر  اصل املاء: گرمیءِ محفل، شادیءِ مرگ، خوبیءِ تقدیر، والیءِ شہر، مَےءِ لالہ فام، در پےءِ آزار (ہمزہ چھوٹا لکھیں یا، کمپوٹر کی مجبوری کے تحت بڑا) کی غلط املاء: گرمئی محفل، شادی مرگ، خوبئی تقدیر، والئی شہر، مَئے لالہ فام، در پئے آزار، وغیرہ چل نکلی۔

لفظ مَے اور پَے کے معاملے میں کچھ مزید غلط فہمیاں پیدا ہو گئیں۔ بعضوں نے مۓِ لالہ فام (مےءِ لالہ فام) کو مئے لالہ فام لکھنا شروع کر دیا۔ پھر اسی غلطی کے تواتر کے سبب ایک نئی بات پیدا ہو گئی کہ مَے کے ہجے کیا  ہیں؟ یعنی بعضوں کے ہاں اس کی املاء بجائے خود سوال کی زد میں آ گئی۔ اور، یار لوگ  اسے "مئے" لکھنے لگے جو قطعی طور پر غلط ہے۔ لفظ مَے اصولی طور پر دو حرف کا ہے (م، ے) فارسی میں گول ی اور لمبی ے میں کوئی فرق نہیں ہوتا، اردو میں ہوتا ہے۔ 

درست کیا ہے؟ نمایش یا نمائش؟ زندہ و پایندہ یا زندہ و پائندہ؟  اس کا اصولی جواب جاننے کے لئے ہمیں یہ جاننا ہو گا کہ یائے مستور پیدا کیسے ہوتی ہے۔ اور اس کے لئے فارسی کے کچھ بنیادی قواعد کا علم ہونا لازمی ہے۔ آئندہ سطور میں ہم ان قواعد کا اجمالی ذکر کریں گے۔ تفصیل اس فقیر کے مضمون "زبانِ یارِ من" میں آ چکی ہے۔

فارسی میں مصدر وہ اسم ہے جس میں معانی کام، عمل، فعل کے پائے جاتے ہیں اور اصلاحاً فعل وہ اس لئے نہیں کہلاتا کہ فعل کے میں زمانہ کے ساتھ فاعل، مفعول یا نائب فاعل کا ہونا لازمی ہے۔ اردو میں مصدر کی موٹی علامت ہے: اس کے آخری دو حرف "نا"۔ کھانا، پینا، لکھنا، پڑھنا، آنا، جانا، دیکھنا، مرنا، جینا۔ وغیرہ۔ چلئے انہی کے لئے فارسی مصادر دیکھ لیتے ہیں: خوردن، نوشیدن، نوشتن، خواندن، آمدن، رفتن، دیدن، مُردن، زیستن ۔۔۔ ان میں ہم نے دیکھا کہ مصدر کے آخری دو حرف "تن" ہیں یا "دَن"۔ کوئی اور نہیں ہو سکتا۔ اگر ہو گا تو وہ مصدر نہیں کہلائے گا۔

فارسی اہلِ زبان کے ہاں ہر مصدر کے ساتھ ایک مضارع منسلک ہوتا ہے۔ مصدر سے مضارع بنانے کے قواعد کوئی ہیں بھی تو وہ بہت پیچیدہ ہیں۔ ہم غیر فارسی والوں کے لئے یہی کافی ہے کہ ہر مصدر کے ساتھ ایک مضارع متعین شدہ موجود ہے اور ہمیں اسی کو درست تسلیم کرنا ہے (بہ الفاظ، دیگر ان کو یاد کرنا ہے)۔

منقولہ بالا مصادر کے مضارع یہ ہیں: خوردن سے خورَد، نوشیدن سے نوشَد، نوشتن سے نویسَد، خواندن سے خوانَد، آمدن سے آیَد، رفتن سے رَوَد، دیدن سے بینَد، مُردن سے میرَد، زیستن سے زِیَد ۔۔ توجہ فرمائیے کہ مضارع کا آخری حرف ہمیشہ د (مجزوم) ہوتا ہے اور اس سے پہلے حرف پر ہمیشہ زبر (فتحہ) واقع ہوتا ہے۔ ان کے رسمی معانی کئے جاتے ہیں: وہ کھائے، وہ پئے، وہ لکھے، وہ پڑھے، وہ آئے، وہ جائے، وہ دیکھے، وہ مرے، وہ جیے۔ تاہم یہ کامل معانی یوں نہیں کہلاتے کے کہ مضارع پر سابقے لاحقے داخل ہونے سے نئے معانی بنتے ہیں، جو ہمارا اس وقت کا موضوع نہیں۔ کچھ اور مصادر اور ان کے مضارع دیکھے لیتے ہیں: گفتن سے گوید، آمدن سے آید، جُستن سے جُویَد، نمودن سے نمایَد۔ ان کو پہلی فہرست میں شامل کر لیجئے۔

نوٹ کیجئے کہ اگر مضارع سے اس کی علامت یعنی د کو ہٹا دیا جائے تو د سے پہلے حرف کی زبر از خود ساقط ہو جاتی ہے اور وہ ساکن ہو جاتا ہے۔ خوردن سے خورَد اور اس سے خور، نوشیدن سے نوشَد اور اس سے نوش، نوشتن سے نویسَد اور اس سے نویس، خواندن سے خوانَد اور اس سےخوان، رفتن سے رَوَد اور اس سے رَو، دیدن سے بینَد اور اس سے بِین، مُردن سے میرَد اور اس سے مِیر، زیستن سے زِیَد اور اس سے زی، گفتن سے گوید اور اس سے گوی، جُستن سے جُویَد اور اس سے جوی، نمودن سے نمایَد اور اس سے نمای، آمدن سے آیَد اور اس سے آی۔

یہ سارے جہاں فعل امر ہیں یعنی کھا، پی، لکھ، پڑھ، جا، دیکھ، مر، جی، کہہ، ڈھونڈ، دکھا، آ ۔۔۔ وہیں یہ اسم فاعل بھی ہیں۔ مثلاً گوشت خور، عرضی نویس، نعت خوان، تیز رَو، جواں میر، قصہ گو، حیلہ جُو، چہرہ نما، (آ یعنی آنے والا اردو میں مانوس نہیں ہے)۔ گفتن اور اس کے بعد کے مضارعوں میں حرفِ مزارع د سے پہلے ی موجود تھی، د کے ہَٹنے پر صوتیت میں ساکت (خاموش) ہو گئی ساقط نہیں ہوئی۔ یہی یائے مستور ہے۔ اس کو جہاں حرکت ہو گی ظاہر کر دیں گے اور کبھی بغیر حرکت کے بھی ظاہر کر دیتے ہیں۔ یہی وہ ی ہے جو حسبِ موقع اردو میں ہمزہ کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔

اس بحث کی روشنی میں اور اسی قاعدے کی توسیع کے حاصل کے طور پر ہم اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ اردو کے لئے نمایش اور نمائش، نمایندہ اور نمائندہ، آیندہ اور آئندہ، پایندہ اور پائندہ، ہر دو صورتیں درست ہیں۔ اگر آپ کا عمومی میلان فارسی کی طرف ہے تو ی لکھئے، بصورتِ دیگر ہمزہ لکھئے؛ اس کو غلط نہیں کہا جا سکتا۔ واللہ اعلم بالصواب۔



محمد یعقوب آسیؔ (ٹیکسلا) پاکستان۔  سوموار 30 نومبر 2015ء۔

اتوار، 22 نومبر، 2015

ہمزہ کیسے لکھیں اور کہاں لکھیں



ہمزہ کیسے لکھیں اور کہاں لکھیں
جناب ذیشان نصر کے ایک سوال کے جواب میں


اصول و قواعد کی بحث تو خیر خاصی طویل ہے، میں نے اس پر کچھ لکھا بھی ہے۔ کسی وقت میرے بلاگ کا چکر لگائیے۔ ایک مضمون تو ہے ’’ہمزاتِ ہمزہ‘‘ اس کے علاوہ ایک مقام پر میں نے ’’یائے مستور‘‘ پر بھی بحث کی ہے، اور ہمزہ مستور پر بھی (اس وقت یاد نہیں کہاں کی ہے)۔

فی الحال الفاظ زیرِ بحث کے بارے میں عرض کئے دیتا ہوں۔ شمع یہ سودائئِ دل سوزئِ پروانہ ہے (چھوٹے ہمزہ کے ساتھ، زیر چھوٹے ہمزہ پر واقع ہو گی)۔ یہاں خط کی شکل درست نہیں بن رہی۔ ترتیبِ حروف یہ ہے: سو دا ئیءِ دل سوزیءِ پروانہ (ی کے اوپر چھوٹا ہمزہ اور اس ہمزہ پر زیر)۔واضح رہے کہ اصولی طور پر زیرِ اضافت یہاں ی پر واقع ہوتی ہے، یعنی: ’’سودائیِ دل سوزیِ پروانہ‘‘ یہ املاء درست ہے۔ تاہم ایک روایت چلی آتی ہے کہ ایسی ی پر جہاں زیر واقع ہو ہمزہ اضافی لکھتے ہیں اور زیر کی علامت ہمزہ پر منتقل ہو جاتی ہے، سو یہاں چھوٹا ہمزہ بناتے ہیں۔ سودائئِ دل سوزئِ پروانہ (سودائیِ دل سوزیِ پروانہ) فرق ان میں صرف خطاطی کا ہے، اور کوئی فرق نہیں۔

ایسا ہی معاملہ ’’بے تابئِ الفت‘‘ کا ہے۔ ترتیب: بے تابیءِ الفت ( ترجیحاً چھوٹا ہمزہ زیر کے ساتھ) اور اگر پڑھنے میں دقت کا خدشہ ہو تو بڑا ہمزہ ی کے بعد لکھ کر اس پر زیر لگائیں گے۔ یا پھر ہمزہ لکھیں گے ہی نہیں: بے تابیِ الفت (تاہم ایسے میں غلط گمان یہ ممکن ہے کہ لکھی ہوئی زیر حرف ماقبل ی کی ہے، اس لئے ہمزہ لکھنا اولیٰ۔ زندگئِ جاوداں کا بھی یہی معاملہ ہے۔

مجموعی طور پر میں سفارش کروں گا کہ آپ ایسی ی پر چھوٹا ہمزہ لگائیں اور زیر کی علامت نہ لکھیں، پڑھنے والا از خود سمجھ جائے گا کہ یہاں ہمزہ پر زیر واقع ہو رہا ہے: سودائئ دل سوزئ پروانہ (سودائی کی شکل خطاطی میں ٹھیک کر لیجئے: سودائئ ) ، زندگئ جاوداں، بے تابئ الفت، گرمئ محفل، شوخئ تحریر؛ وغیرہ۔ یاد رکھنے کی بات یہ ہے کہ ایسا ہمزہ ی کے بعد لکھا جائے گا: گرمئی محفل یا شوخئی تحریر لکھنا قطعی طور پر غلط ہے۔ بقیہ الفاظ کو اسی پر قیاس کر لیں۔  ایک بات یاد رہے کہ الف مقصورہ (لیلیٰ، دعویٰ) اور الف کو اس حوالے سے مماثل قیاس کریں گے اور ترکیب کی صورت میں املاء یوں ہو گی: لیلائے شب، دعوائے حق، دنیائے دنی، بالائے لب، نوائے سروش؛ وغیرہ۔

سلسلۂ کوہسار، قصۂ غم، فسانۂ آزاد؛ وغیرہ۔ ان میں ہ کے بعد چھوٹا ہمزہ ہے اور زیر اس ہمزہ پر ہے۔ تاہم جیسے پہلے کہا گیا: ہ، ی پر چھوٹا ہمزہ عام طور پر لکھا ہی تب جاتا ہے جب وہاں زیرِ اضافت یا زیرِ توصیف واقع ہو رہا ہو، لہٰذا زیر کی علامت حذف بھی کر دیں تو پڑھنے میں مسئلہ نہیں بنتا۔ مہدی مجروح دو الگ الگ لفظ ہیں۔ مراد ہے : میر مہدی مجروح  (مرزا غالب کے قریبی ساتھی تھے)... میر مہدی (نام) مجروح (تخلص)... اس پر اضافت نہیں ہے۔ ترکیب کی صورت یہ ہو گی: مہدئ موعود، وادئ فاران، بازئ دِل؛ وغیرہ۔

فارسی اور عربی میں ی کو گول (ی) یا لمبی (ے) کسی بھی طرح لکھ دیں، کوئی فرق نہیں پڑتا۔ چھوٹی ی، بڑی ے کا فرق اردو اور پنجابی وغیرہ سے خاص ہے۔ مے (شراب) کو بہت سارے دوست مئے لکھتے ہیں جو کہ غلط ہے۔ میکدہ، میخانہ وغیرہ سے بھی عیاں ہے کہ ’’مے‘‘ ایک دو حرفی لفظ ہے۔ اس کو مَے لکھیں یا مَی ایک ہی بات ہے، مئے کا کوئی جواز نہیں۔ اسی نہج پر درست املا ہے: مۓ شبانہ، مےءِ شبانہ (رات کی بچی ہوئی شراب)۔ اس کو مئے شبانہ یا مئی شبانہ لکھنا کسی طور بھی درست نہیں۔ ایسا ہی معاملہ شے، طے، کے، قے، درپے (سب یائے لین)؛ کا ہے۔ درست املا: مے، شے، طے، کے (مراد ہے کیخسرو)، قے، درپے؛ مۓ ناب، شۓ نایاب، درپۓ آزار؛ ترکیب میں ہمزہ ایسی ے کے بعد واقع ہوتا ہے، حسبِ خط اس کو چھوٹا ہمزہ لکھیں، بڑا ہمزہ لکھیں وہ ضرورت کی بات ہے۔  مئے، شئے، طئے، کئے، قئے، درپئے؛ وغیرہ لکھنا درست نہیں ہے۔

یائے معروف کے بعد ایسا اضافی ہمزہ واقع  ہونے کی دو مثالوں کے ساتھ ان گزارشات کو سمیٹتے ہیں۔ (1) درست املاء: شومیِ قسمت، شومیٔ قسمت، شومیءِ قسمت ۔۔۔ غلط املاء: شومئی قسمت۔ (2) درست املاء: والیِ شہر، والیٔ شہر، والیءِ شہر ۔۔۔ غلط املاء: والئی شہر۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔ محمد یعقوب آسیؔ
ہفتہ ۲۱ نومبر ۲۰۱۵ء

اتوار، 1 نومبر، 2015

بے چارہ (7)۔

 
بے چارہ (7)


سرِ راہ ملاقات ہو گئی، علیک سلیک کے بعد فرمانے لگے: ’’کیسے ہو؟‘‘
عرض کیا: ’’خدا کا شکر ہے، سب ٹھیک ہے خداوندِ دو عالم کے کرم سے، آپ کیسے ہیں؟‘‘ 
فرمانے لگے: ’’اللہ کا شکر ہے ... اور ہاں، یہ تم نے کیا کہا؟ ’خدا‘ کا شکر ہے؟ تمہیں پتہ ہے؟ خدا نہیں کہتے، اللہ کہتے ہیں‘‘۔
عرض کیا: ’’خدا سے میری مراد ظاہر ہے ’اللہ‘ ہی ہے، میں مجوسی بھی تو نہیں جو آپ کو میرا لفظ ’خدا‘ بولنا اتنا کھٹکا ہے‘‘۔
ارشاد ہوا: ’’جب تمہارے پاس لفظ ’اللہ‘ موجود ہے، تو پھر ’خدا‘ کہنے کا کیا جواز ہے؟ فارسی مجوسیوں کی زبان ہے، تم مجوسی نہ ہو کر ان کی زبان بول رہے ہو! اور وہ بھی ’اللہ‘ کی شان میں! لا حول ولا قوۃ الا باللہ، کیا زمانہ آ گیا ہے! کسی کو کام کی بات بتائیں تو ناک چڑھاتا ہے‘‘۔ 
ہماری طبیعت تو خاصی مکدر ہوئی، تاہم یہ مکالمہ چونکہ ہمارے صدر دروازے پر ہو رہا تھا، سو ہم نے خوش اخلاقی کو خود پر لازم رکھتے ہوئے کہا: ’’چھوڑئیے! آپ کن چکروں میں پڑ گئے۔ آئیے، آپ کو چائے پلاتے ہیں‘‘۔
کہنے لگے: ’’نہیں، میرا روزہ ہے، اور نماز کا وقت بھی ہو رہا ہے، میں چلوں گا۔ ’خدا‘ اور ’اللہ‘ کے فرق پر پھر بات ہو گی‘‘۔
وہ جانے لگے تو ہم نے روک لیا: ’’تو آپ نماز پڑھتے ہیں؟‘‘۔ جواب ملا: ’’ہاں، کیوں؟ تم نہیں پڑھتے؟‘‘۔
عرض کیا: ’’حضور! نماز تو وہ ہے جو مجوسی پڑھتے ہیں، اور ... ’روزہ‘ نام کی کسی عبادت کا نہ قرآن شریف میں ذکر ہے اور نہ کسی حدیث میں۔ یہ آپ نے کہاں سے لے لی؟‘‘ ۔
بہ آوازِ بلند ’لاحول‘ کا مکرر ورد کرتے ہوئے انہوں نے دو تین بار ’استغفراللہ‘ کہا اور بولے: ’’کیا کفر بک رہے ہو؟ میں بھی مجوسی تو نہیں جو تمہیں میرا ’نماز‘ کہنا اتنا برا لگا ہے۔ اور کیا کہتے ہیں نماز روزے کو؟ نماز، روزہ ہی تو کہتے ہیں!‘‘۔
عرض کیا: ’’آپ ہی کا فرمان آپ کو یاد دلایا ہے کہ جب آپ کے پاس لفظ ’صوم و صلوٰۃ‘ موجود ہے تو نماز روزہ کہنے کا کیا جواز ہے؟‘‘۔ وہ ہمیں کھا جانے والی نظروں سے دیکھ رہے تھے، مگر ہم نے بات جاری رکھی: ’’حضور والا! اللہ کریم بھی جانتا تھا اور جانتا ہے کہ دینِ اسلام کسی ایک محدود علاقے کے لئے نہیں پورے کرہء ارض کے لئے ہے۔ اور اللہ کریم یہ بھی جانتا ہے کہ دنیا میں ہزاروں زبانیں بولی جاتی ہیں ...‘‘۔
وہ پھٹ پڑے: ’’تم کہنا کیا چاہ رہے ہو؟ اب تم یہ کہو گے کہ ہمیں نماز پڑھنی بھی اپنی اپنی زبان میں چاہئے عربی ہی کیوں؟ ہے نا؟‘‘۔
عرض کیا: ’’نماز نہیں حضرت! صلوٰۃ! اور وہ بالکل اس طرح جیسے نبی کریم نے فرمایا: صلُّوا کما رئیتمونی اُصَلّی۔ اگر لفظ نماز سے آپ کی مراد وہی نماز ہے تو نام سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور اگر مجوسیوں والی نماز ہے تو وہ نہ میں پڑھتا ہوں نہ آپ۔ خاطر جمع رکھئے اور جائیے کہ’ آپ کی مسجد‘ میں نماز کا وقت ہو چلا ہے‘‘۔ وہ پھٹ پڑے: ’’اب یہ کیا بک رہے ہو!‘‘۔ 
عرض کیا: ’’جناب! یہ بھی آپ کا ارشاد ہے، پرسوں جب میں نے کہا کہ اذان ہو رہی ہے توآپ نے فرمایا تھا: ’یہ ہماری مسجد کی اذان نہیں ہے‘ ۔ فرمایا تھا، نا؟‘‘۔
انہوں نے ہمیں یوں گھورا جیسے کچا چبا جانے کا ارادہ ہو، اور سلام کہے بغیر چلے گئے۔

محمد یعقوب آسیؔ ۔۔۔ اتوار ۔ یکم نومبر ۲۰۱۵ء

بے چارہ (6)۔


بے چارہ (6)




’’بیٹا پیدا ہوا تھا، ماموں جی! تھوڑی دیر بعد فوت ہو گیا‘‘ فون پرداماد کی غم میں ڈوبی ہوئی آواز ابھری۔ 

لالہ مصری خان بیگم سمیت بیٹی کے گھر پہنچے، بچوں کو دلاسا دیا، نومولود کی میت کو غسل دیا، کفن پہنایا،  بیٹے کو بھیجا کہ قبر کھدوائے۔ بیٹی اور داماد سے کچھ مشاورت کی اور جنازے کی نماز کا وقت طے کر لیا۔ محلہ داروں، دوستوں اور قریبی عزیزوں کو خبر کر دی اور یہ بھی کہہ دیا کہ جو سہولت سے پہنچ سکے پہنچ جائے۔ مولوی صاحب کو بھی اطلاع دے دی، انہوں نے کہا میں پہنچ جاؤں گا۔

اعلان کے مطابق نماز کا وقت ہو گیا، مولوی صاحب نہیں پہنچے تھے۔ کوئی پانچ منٹ اوپر ہوئے ہوں گے کہ حاضرین سے ایک ’’مولانا‘‘ لالہ مصری خان کے پاس آئے اور فرمانے لگے: ’’آپ کے مولوی صاحب تو نہیں آئے، ہم جنازہ پڑھا دیں؟‘‘ لالہ نے کہا: ’’ذرا سا انتظار اور کر لیتے ہیں۔‘‘ مولانا گویا ہوئے: ’’پتہ نہیں کتنا انتظار کرنا پڑے!‘‘ لوگوں کی توجہ ان کی گفتگو پر لگی تھی۔ لالہ خاموش رہے مگر ان کے چہرے کے تاثرات کو دیکھ کر مولانا  صاحب ادھر ادھر ہو گئے۔ 

لالہ مصری خان نے وہاں موجود لوگوں کو ، جو پچاس سے زیادہ نہیں ہوں گے، متوجہ کیا اور بلند آواز میں بولے: ’’دوستو! میں مولوی صاحب کا انتظار صرف اس لئے کر رہا  ہوں کہ انہیں نماز پڑھانے کا کہہ چکا ہوں۔ وہ آتے ہوں گے، کوئی مسئلہ ہوتا، تو مجھے ضرور بتاتے۔ پھر بھی ہم زیادہ انتظار نہیں کریں گے۔ چند منٹ اور دیکھ لیتے ہیں، وہ نہیں آتے تو نماز میں خود پڑھاؤں گا۔ جو دوست بہت جلدی میں ہیں انہیں اجازت ہے!‘‘ اتنے میں مولوی صاحب کی موٹر سائیکل سڑک سے اتر کر آتی دکھائی  دی۔

نماز ہو چکی تو ہم نے دیکھا کہ ’’مولانا‘‘ صاحب وہاں نہیں تھے۔ 


محمد یعقوب آسیؔ ۔۔۔ جمعہ ۳۰؍ اکتوبر ۲۰۱۵ء